کراچی(ویب ڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت آمدن 2021 کے آخر تک 3.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں 244 ملین ڈالر کی آمد ریکارڈ کی گئی، جو نومبر میں 239 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہ بہ ماہ 2.1 فیصد زیادہ ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ آر ڈی اے میں جمع 3.16 بلین میں سے 68 فیصد یعنی 2.14 بلین ڈالر نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں لگائے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے 1.19 بلین ڈالر روایتی این پی سی میں لگائے گئے ہیں، 957 ملین اسلامی این پی سی میں لگائے گئے ہیں اور 32 ملین ڈالرز آر ڈی اے کے ذریعے اسٹاک ایکسچینج میں جمع کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 16 ماہ کی مدت کے دوران 175 ممالک سے 322,463 اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ ماہانہ بنیادوں پر، کھولے گئے کھاتوں کی تعداد میں 7.6 فیصد اضافہ ہوا۔
ستمبر 2020 میں، سٹیٹ بینک نے ملک کے آٹھ بڑے بینکوں کے ساتھ مل کر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرایاتھا۔ اس منصوبے کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان آئے بغیر مقامی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں۔ انہیں صرف بنیادی معلومات اور دستاویزات اسٹیٹ بینک کو آن لائن فراہم کرنے ہوں گے۔ یہ انہیں ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بناتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مستقبل میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی ضرورت نہیں پڑے گی۔