اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے ملکی معیشت کو پہلا دھچکا لگا ہے جہاں موڈیز نے پاکستان کی اقتصادی درجہ بندی کو گھٹا دیا۔
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں پاکستان کی ریٹنگ کم کر دی ہے۔
اس تناظر میں موڈیز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاکستان میں معاشی پالیسی کے تسلسل پر سوالیہ نشان ہے، تحریک عدم اعتماد سے حکومت کی اصلاحات متعارف کرانے کی صلاحیت متاثر ہوگی۔
موڈیز نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد بیرونی فنڈنگ حاصل کرنے میں رکاوٹ ہوگی اور آئی ایم ایف سمیت بیرونی فنانسنگ حاصل کرنے میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔
موڈیز کے مطابق یہ عدم اعتماد ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے جس کے باعث مالی سال 2022 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 6 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔
موجودہ حالات میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔