کراچی: عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 5 ڈالر فی بیرل اضافے کے بعد 16 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے درمیان پاکستان میں مہنگائی کے نئے طوفان کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت مزید نہ گرنے کی صورت میں 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ ممکن ہے۔
خلیجی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 93 ڈالر تک پہنچ گئی۔ پاکستانی کرنسی کے مطابق یکم ستمبر کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 25 ہزار 344 روپے فی بیرل تھی جس میں 2 ہزار 742 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستانی کرنسی میں خام تیل کی قیمت 28 ہزار 86 روپے فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔