سیالکوٹ (ایم وائے کے): ڈسکہ کے نواحی علاقے رحمت پورہ میں ایک خوفناک واردات نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کے دوست اور رکشہ ڈرائیور کو قتل کر دیا۔ ملزم نے واردات کے بعد پولیس کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم ابتدائی تحقیقات کے دوران اس نے اعتراف جرم کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، رحمت پورہ کی رہائشی لڑکی جو ایک بیوٹی پارلر چلاتی تھی، اس کی دوستی طلحہ نامی نوجوان سے ہوگئی تھی۔ لڑکی کے والد کو اس تعلق کا علم ہوا اور اس نے طلحہ کو فون کروا کر گھر بلایا۔ طلحہ اپنے دوست سے ملنے کے لیے ایک رکشہ میں سوار ہو کر آیا، جب کہ رکشہ ڈرائیور محض نوجوان کو پارلر سے واپس چھوڑنے آیا تھا۔ جیسے ہی رکشہ گھر کے قریب پہنچا، ملزم نے دونوں پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں طلحہ اور رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس کے بعد ملزم نے واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی اور پولیس کو فون کیا، تاہم تفتیش کے دوران اس نے سچ کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے ملزم باپ اور اس کی بیٹی کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔