لاہور(ویب ڈیسک)ترک ڈراموں کے بعد اب ترک فلمیں پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہیں جہاں پہلی فلم ’عائلہ‘ 11 فروری کو ریلیز کی جارہی ہے۔
پاکستانی فلمی شائقین کو معیاری فلموں سے محظوظ کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کلب نے عالمی شہرت یافتہ ترک فیچر فلم آئلا کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے والی پہلی ترک فلم ہوگی۔
ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو منیجر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ فلم ’’عائلہ‘‘ کو خصوصی طور پر اردو میں ڈب کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی ایک خوبصورت لڑکی “عائلہ” کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے جو میدان جنگ میں ایک ترک فوجی سے ملتی ہے۔
ترک فلمیں اپنی معیاری پروڈکشنز اور اچھوتے آئیڈیاز کی بدولت پہلے ہی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں اور مذکورہ فلم “عائلہ” بھی اپنی جذباتی کہانی اور فنکاروں کی جاندار پرفارمنس کی وجہ سے شائقین کی توجہ حاصل کر چکی ہے۔
عائلہ کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے سنسر کر دیا گیا ہے اور اس کی تشہیری مہم شروع کر دی گئی ہے۔
“عائلہ” پاکستانی شائقین کو ترک سینما سے متعارف کرائے گی اور پاکستانی سینما گھروں میں اس فلم کی نمائش پاکستان اور ترکی کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔