لاہور(ویب ڈیسک) مقامی عدالت نے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں پیش نہ ہونے پر گلوکارہ میشا شفیع اور شریک ملزم ماہم جاوید کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
عدالت نے میشا شفیع اور ماہم جاوید کی معافی کی درخواستیں بلا جواز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ گزشتہ سماعت پر میشا شفیع اور ماہم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔ ملزمان میشا اور ماہم نے اپنی معافی میں کوئی جواز پیش نہیں کیا۔
مقامی عدالت نے مزید لکھا کہ ملزمان علی گل پیر اور لینا غنی کی بریت کی درخواستیں کافی عرصے سے زیر التوا ہیں۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر علی ظفر کے وکیل نے دلائل نہ دیئے تو پراسیکیوٹر کے دلائل کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ایف آئی اے نے علی ظفر کی شکایت پر میشا شفیع سمیت 8 ملزمان کے خلاف چالان جمع کرائے ہیں جب کہ میشا شفیع اور ماہم جاوید نے بیرون ملک ہونے پر معافی کی درخواستیں دائر کی ہیں۔