سٹیج اور ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار جاوید کوڈو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے علیل تھے اور آج اپنی فنی زندگی کا اختتام کر گئے، جس سے مزاحیہ فن کی دنیا ایک قیمتی ہنر سے محروم ہو گئی۔
جاوید کوڈو اپنے منفرد انداز اور پستہ قد کی وجہ سے ہمیشہ ناظرین کی توجہ کا مرکز رہے۔ انہوں نے سٹیج، فلم اور ٹی وی پر مزاح کے ذریعے لاکھوں چہروں پر خوشیاں بکھیریں۔ ان کے مزاح میں لطافت اور جملوں میں چبھن ہوا کرتی تھی جسے دیکھنے والے مدتوں یاد رکھتے۔
45 سالہ فنی سفر میں جاوید کوڈو نے تقریباً 150 فلموں اور ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے 1981 میں ڈرامہ "سودے باز” سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں "آشیانہ” کو خاص مقام حاصل ہے، جو آج بھی ناظرین کو یاد ہے۔ ان کے انتقال سے پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک اور باصلاحیت فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔