سلمان خان کی نئی فلم ’سکندر‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے، جو اگلے سال عید الفطر پر سینما گھروں میں آئے گی۔ یہ ٹیزر ایک دن کی تاخیر سے ریلیز ہوا کیونکہ بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے انتقال کی وجہ سے اسے ملتوی کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز سلمان خان نے اپنی 59ویں سالگرہ منائی اور اس موقع پر اپنی فلم ’سکندر‘ کا ٹیزر پیش کیا۔ وہ ان دنوں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
ٹیزر کا آغاز سلمان خان کے شاندار انداز سے ہوتا ہے، جہاں وہ ایک کمرے میں داخل ہوتے ہیں۔ کمرے میں کچھ لوگ ہتھیاروں سے لیس موجود ہیں، لیکن سلمان خان پوری طرح تیار اور پراعتماد نظر آتے ہیں۔ ٹیزر میں سلمان خان کا ڈائیلاگ بہت توجہ حاصل کر رہا ہے
"سنا ہے بہت لوگ میرے پیچھے پڑے ہیں، بس میرے مڑنے کی دیر ہے۔”
یہ ایکشن سے بھرپور ٹیزر ایک منٹ 41 سیکنڈ کا ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ’سکندر‘ ایک دھماکے دار ایکشن فلم ہوگی۔
ٹیزر میں ابھی صرف ایکشن دکھایا گیا ہے۔ فلم میں رومانس اور کامیڈی کی جھلک اگلے ٹیزرز میں سامنے آئے گی۔ اس فلم میں تامل سنیما کی مشہور اداکارائیں رشمیکا مندانا اور کاجل اگروال بھی شامل ہیں، اس لیے تامل فلموں کا اثر بھی نظر آئے گا۔
فلم ’سکندر‘ کو ساجد ناڈیاوالہ نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایتکاری مشہور تامل ہدایتکار مروگوڈاس نے کی ہے۔ سلمان خان کی عید پر فلم ریلیز کرنے کی روایت کے مطابق یہ فلم بھی عید کا خاص تحفہ ہوگی۔
2024 میں سلمان خان نے کسی فلم میں اہم کردار ادا نہیں کیا۔ 2023 میں وہ ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ اور ’ٹائیگر 3‘ میں نظر آئے تھے۔ اس سال انہوں نے ’سنگھم اگین‘ اور ’بے بی جون‘ میں مختصر کردار ادا کیے تھے۔
’سکندر‘ 2025 میں عید الفطر پر ریلیز ہوگی، اور مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔