اسلام آباد(ویب ڈیسک) سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اہم دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دورے کے دوران سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز آج پاکستان پہنچیں گے۔ سعودی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران سعودی وزیر داخلہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کریں گے جس میں سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حالت زار اور کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور سفری پابندیوں میں نرمی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہے۔
سعودی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران صدر عارف علی، وزیر اعظم عمران خان اور اہم حکومتی اور سیکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
دسمبر میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان تنظیم اسلامی کانفرنس (OIC) کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔