اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے فیصل واوڈا کی نااہلی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصل واوڈا کی نااہلی کا تحریری فیصلہ 27 صفحات پر مشتمل ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرایا جب کہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے امریکی شہریت کب ترک کی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت اہل نہیں تھے۔ گزشتہ سماعت پر فیصل واوڈا کو امریکی شہریت ترک کرنے کی کاپی دکھائی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فیصل واوڈا کی امریکی شہریت ترک کرنے کی کاپی مسترد کر دی گئی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے رکن قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا، فیصل واوڈا بطور رکن اسمبلی حاصل تمام مالی مراعات واپس کریں۔
ای سی پی نے کہا کہ فیصل واوڈا کو عوامی عہدہ رکھنے کے دوران ملنے والے مالی مراعات، تنخواہیں، ٹاڈا، ہاؤسنگ اخراجات اور دیگر مراعات واپس کرنی چاہئیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ واوڈا دو ماہ کے اندر تمام مالی مراعات سیکرٹری قومی اسمبلی کو جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فیصل واوڈا نے 7 جون 2018 کو ریٹرننگ آفیسر (آر او) کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔