لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا۔
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد کے لیے حکمران اتحادی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں ایک پوائینٹ پر رہتا ہوں اور آخری دم تک لڑتا ہوں، دو محاذوں پر لڑنا سیاسی طور پر درست نہیں، مشترکات کے لیے بڑا دل ہونا چاہیے، حالات کا انتظار کرنا ہوگا، سیاسی لوگ ہیں ہم آگے بڑھیں گے۔ آراء اور خیالات کو سمجھ کر آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے تیاری کریں اور گراؤنڈ بنائیں، 23 مارچ کے لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی کو لانگ مارچ کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد کب لائی جائے گی؟ اس پر فضل الرحمان نے کہا کہ پہلے گراؤنڈ بنائیں گے، پھر تیار کریں گے، پھر عدم اعتماد لائیں گے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین سے رابطہ نہیں کیا جائے گا، پی ٹی آئی اراکین رابطہ کریں تو ہمیں لالچ نہیں دیں گے، اگر کوئی عہدہ یا رقم وغیرہ مانگے تو کسی کو ہم سے یہ امید نہیں رکھنی چاہیے۔
دوسری جانب شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خواہشات کو سامنے رکھ کر عمران خان کے خلاف کوشش کریں گے۔