لاہور(ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں شامل ہونے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے عہدے کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو پنجاب میں اہم عہدے کی پیشکش کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے ابھی تک مسلم لیگ ن کی پیشکش کا جواب نہیں دیا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آپ سے رشتہ ہے اور وہ تکمیل کا ہے۔ "گھبرائیں مت۔”
خیال رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی چوہدری برادران سے 22 سال بعد سیاسی ملاقات ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عدم اعتماد کے معاملے پر حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔