اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہر ممکن کوشش کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم نے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کے بیہودہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کو ہوش میں آنے کے لیے مزید کتنا خون درکار ہے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی وارداتیں سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں اور امن و امان کی فضا خراب کرنے والے سخت سزا کے مستحق ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ صحافی اطہر متین کے قتل کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے بھی صحافی اطہر متین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اطہر متین کی ہلاکت پر افسوس ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اطہر متین کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔