اسلام آباد(ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا گیا کہ ان کی نماز جنازہ کل اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔ رحمن ملک کی موت بہت افسوسناک ہے۔ وہ ایک محنتی شخص تھا۔
اسلام آباد میں رحمان ملک کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آج میں رحمان ملک کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ رحمن ملک 2009 میں سینیٹر بنے تھے اور انہوں نے وزارت داخلہ کو احسن طریقے سے چلایا تھا۔
دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
مرحوم سینیٹر رحمان ملک کے بھتیجے وقاص نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کی بہنوں نے کینیڈا اور برطانیہ سے آنا ہے، ان کی نماز جنازہ کل دوپہر ڈھائی بجے ادا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔
ترجمان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کچھ عرصے سے کورونا وائرس میں مبتلا تھے اور وینٹی لیٹر پر تھے۔
سینیٹر رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے، انہوں نے میثاق جمہوریت میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔