اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پیکج سے 40 لاکھ خاندانوں اور 2 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت کی جانب سے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ رمضان المبارک کے دوران بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سال رمضان پیکج کو گزشتہ سال کے 7 ارب روپے سے بڑھا کر 20 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جو کہ تین گنا زیادہ ہے۔ "پچھلے سال کی نسبت اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، اور رمضان پیکج کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو لمبی قطاروں میں نہ لگنا پڑے۔”
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ رمضان پیکج کے تحت 30 لاکھ ڈیجیٹل والٹس بنائے گئے ہیں۔ "اسٹیٹ بینک، نادرا، بی آئی ایس پی اور دیگر اداروں کی مدد سے محض 20 دنوں میں اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔ ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے ذریعے امداد براہ راست مستحقین تک پہنچے گی، جس سے شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔”