لاہور: ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہی خواتین کے لیے خصوصی بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت دور دراز علاقوں میں خواتین کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی خواتین کی سفری مشکلات کے حل کے لیے انٹر ویلیج ٹرانسپورٹ کا جامع منصوبہ طلب کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مرحلہ وار 25 بسوں پر مشتمل ماس ٹرانزٹ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد دیہی تحصیلوں سے ضلعی ہیڈکوارٹرز تک بس سروس فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں خواتین مسافروں کے لیے سبسڈی دینے کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ دیہی علاقوں میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا خواتین کا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی خواتین کے لیے مناسب سفری سہولیات نہ ہونا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، جس کا حل نکالنا ضروری ہے تاکہ طالبات اور بیمار خواتین کو آمد و رفت میں آسانی میسر آئے۔