لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں مکمل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہفتے میں تین دن گوشت، سبزیاں، دالیں، چقندر کا جوس، کافی، ابلے ہوئے انڈے اور خشک میوے دیے جاتے ہیں، جب کہ بشریٰ بی بی کو ان کی مرضی کے مطابق کھانے کی سہولت حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے ترجمان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بھی جھوٹا دعویٰ کیا تھا، تاہم پمز اسپتال کے چار سینئر ڈاکٹروں نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مکمل صحت مند قرار دیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کے پاس کوئی اور حربہ نہیں بچتا تو وہ "مظلومیت” اور "ہمدردی” کا کارڈ کھیلنے لگتی ہے۔