وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں تجاوزات کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی حکمت عملی طے کی گئی اور روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے کی مدد سے بھاری مشینری کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی بحال کی جا سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔