پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی صرف کے پی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے ملک میں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کرم میں ہونے والے حملے کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ٹی او آرز تیار کیے جا رہے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے بغیر یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے واجب الادا فنڈز نہیں دیے جا رہے اور وفاق اپنی تمام تر توجہ پی ٹی آئی پر مرکوز کیے ہوئے ہے جبکہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر کوئی حکمت عملی نہیں بنائی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اشتہارات پر توجہ دے رہی ہے جبکہ عملی کارکردگی کچھ نہیں، اگر میں بھی ویڈیوز بنانا شروع کر دوں تو اس سے کوئی کارکردگی ظاہر نہیں ہو گی۔مزید برآں، علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ عوام کی خواہش پر کیا گیا ہے اور خیبر پختونخوا میں اپنی سپر لیگ کا آغاز بھی کیا جائے گا۔