تفصیلات کے مطابق، وزیر تعلیم نے میٹرک کے پہلے روز انگریزی کے پرچے کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی چیک کی اور بوٹی مافیا کے خلاف کیے گئے اقدامات کا معائنہ کیا۔ وزیر تعلیم نے لارنس روڈ اور کیتھڈرل کے امتحانی مراکز میں طلبہ سے انتظامات کے بارے میں استفسار کیا اور کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بورڈ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر عملے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
انہوں نے ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کے ناموں کی فہرستیں فوری طور پر طلب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایسے افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اساتذہ سروس رولز کے مطابق امتحانی ڈیوٹی سے انکار نہیں کر سکتے۔ رانا سکندر حیات نے مزید ہدایت کی کہ دیگر بورڈز کے کنٹرول رومز کو سنٹرل ایکسیس دی جائے تاکہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں مختلف اضلاع کے امتحانی مراکز کے مزید اچانک دورے کرنے کا عندیہ بھی دیا۔