لاہور: پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) نے مختلف محکموں میں خالی اسامیوں کے تحریری امتحانات اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، محکمہ ایریگیشن، گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سرگودھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی، اور محکمہ زراعت میں سب انجینئر کی اسامیوں کے لیے تحریری امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، محکمہ ایریگیشن، رنگ روڈ اتھارٹی، محکمہ پاپولیشن اینڈ ویلفیئر، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی مختلف اسامیوں کے حتمی نتائج کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ایریگیشن میں سب انجینئر کی 174 اسامیوں کے لیے 418 امیدوار کامیاب ہوئے۔ سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں دو دو اسامیوں کے لیے 10، 10 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ محکمہ زراعت میں سب انجینئر کی 2 اسامیوں کے لیے 10 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو جلد PPSC کی جانب سے انٹرویو کے لیے طلب کیا جائے گا۔
ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی 47 نشستیں پر ہو گئیں۔ رنگ روڈ اتھارٹی میں جونیئر پیٹرول افسر کی 44 اسامیوں پر امیدوار کامیاب ہوئے۔ پاپولیشن اینڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں میڈیکل افسر کی 43 نشستیں پر کر دی گئیں۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے ان امتحانات اور حتمی نتائج کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔