لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نہ بلانے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد جس طرح اس وقت کے آرمی چیف راحیل شریف نے قوم کو متحد کیا تھا، آج بھی اسی قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔
فواد چوہدری نے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے آصف زرداری کو تجویز دی کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائیں، جس میں عمران خان، مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کو مدعو کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، نواز شریف اور آصف زرداری کو مل بیٹھ کر قومی حکومت تشکیل دینی چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے نواز شریف کے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہ ہونے کو بھی نامناسب قرار دیا۔