راولپنڈی(ویب ڈیسک) افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کی شب شمالی وزیرستان میں افغان سرحد سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔
انہوں نے پاک افغان سرحد کے علاقے حسن خیل سے باڑ کاٹ کر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی ایس نے کہا کہ فوجیوں نے بروقت جوابی کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ان کی شناخت حوالدار وجاہت عالم، سپاہی مقبول حیات، ساجد عنایت اور ساجد علی کے نام سے ہوئی ہے۔
علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔