اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سیکیورٹی سیل نے سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا کو خط لکھ کر صوبے میں زیرتعلیم افغان طلبہ کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ فارن نیشنل سیکیورٹی سیل غیرملکیوں سے متعلق ڈیش بورڈ کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے، لہٰذا خیبرپختونخوا میں موجود تمام افغان طلبہ کا ڈیٹا 27 مارچ تک فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے تمام افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیرملکیوں کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ مقررہ مدت کے بعد یکم اپریل سے ملک بدر کرنے کی وارننگ بھی جاری کی تھی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف یکم اپریل سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کے تحت انہیں پاکستان سے بے دخل کرنے کے لیے خصوصی آپریشنز کیے جائیں گے۔ مزید برآں، افغان طلبہ کی موجودگی اور ان کے ویزا اسٹیٹس کی تفصیلات کو چیک کرنے کے بعد مستقبل کی پالیسی ترتیب دی جائے گی۔