اسلام آباد: رواں سال ملک میں معمول سے کم بارشوں کے نتیجے میں تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم ہوگئی، جس سے خشک سالی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف دریاؤں میں پانی کا بہاؤ انتہائی کم سطح پر پہنچ چکا ہے، جس پر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو متاثرہ علاقوں میں خشک سالی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ بھی ملک میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر خشک سالی کے خطرات برقرار رہیں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک پاکستان میں بارشوں میں 40 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ پانی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی ٹیکنیکل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں خریف سیزن کے لیے دستیاب پانی کی صورتحال اور ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔