لاہور(ویب ڈیسک) حکمران اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کے کردار بدل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکمران اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامہ ابھی ڈراپ سین نہیں ہوگا، ڈرامے کے کردار بدلیں گے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ہانڈی پک رہی ہے، آدھی پک چکی ہے، آدھی تقسیم ہو رہی ہے، سیاست میں اسلام لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمارا مستقبل روشن ہے اور ہمارے دامن پاکیزگی اور دین سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے نواز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ باہر بیٹھنے والوں کی بیماری کا کوئی علاج نہیں۔
پرویز الٰہی نے سیاسی جماعتوں کے اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جلسوں کی سیاست سے تحریک عدم اعتماد سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی مسلم لیگ کی قیادت سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء پرویز الٰہی کو وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام دیں گے۔