اسلام آباد(ویب ڈیسک)جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے معاون خصوصی بلوچستان کےعہدے سےاستعفیٰ دے کر اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست دے دی۔
اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ سیشن کی حکمت عملی طے کی گئی۔
شاہ زین بگٹی بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پہنچے۔
اس سے قبل میڈیا سے غیر رسمی بات کرتےہوئے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ اپوزیشن نے ہماری اور ہم نے اپوزیشن کی رائے کو اہمیت دی۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے مجھے ذمہ داری دی تھی اور میں نے اپنا کام مکمل کرلیا تاہم ہم نے جو تجاویز دیں اس پرعمل نہیں ہوا۔
ان سے عمران خان کی جانب سے جلسے میں دکھائے گئے خط پر سوال ہوا توانھوں نے کہا کہ اس طرح کے کسی خط کا ذکر کسی اجلاس میں نہیں ہوا اور اگر اس خط میں کچھ ایسا تھا تو پاکستانی عوام اسے جاننے کا حق رکھتے تھے۔
شاہ زین بگٹی نے بتایا کہ ہم نے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کیلئے درخواست دیدی ہے۔
اس سے قبل شاہ زین بگٹی نے معاون خصوصی بلوچستان کےعہدے سےاستعفیٰ دےدیا۔ انھوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کےبغیر اپنا استعفیٰ پی ایم آفس بھجوا دیا۔
جمہوری وطن پارٹی کےشاہ زین بگٹی نے اتوار کو حکومت سےعلیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہ زین بگٹی نے کہا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، بلوچستان کے کن علاقوں کو حکومت نے فوکس کیا وزیراعظم بتا سکتے ہیں، جو میری ذمہ داری تھی وہ ہم نے پوری کی۔ سرحد پار در اندازی بند ہوئی لیکن حکومت کی غفلت کی وجہ پھر یہ مسئلہ ہو رہا ہے۔