اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم نے پاکستان کو ملنے والے دھمکی آمیز خط پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جو آج سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔
فواد چوہدری کے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔ پاکستان کو ملنے والا دھمکی آمیز خط اہم ترین اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس آج بعد دوپہر وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 31, 2022
خیال رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے خط لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملک سے باہر سے پیسے لے کر حکومت بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میرے پاس خط ہے اور یہی ثبوت ہے۔
خیال رہے کہ 2012 میں وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کی تھی۔ اہم قومی اور تزویراتی فیصلوں کا فورم 12 ارکان پر مشتمل تھا۔
وزیراعظم کو قومی سلامتی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا جب کہ وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شامل تھے۔