اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خفیہ اداروں کی رپورٹس آنے کے بعد وزیراعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں سما سے خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ دستاویز میں حکومت تبدیل کرنے کی دھمکی دی گئی، بیرون ملک سے پاکستان کو قابل اعتراض خط لکھا گيا، خط ميں حکومت بدلنے کی دھمکی دی گئی، خط پر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس ميں گفتگو کی گئی، خط کے معاملے پر وزيراعظم آج رات قوم کو اعتماد ميں ليں گے، اپوزيشن ليڈرز کو بھی دعوت دی کہ آکر ثبوت ديکھ ليں۔
سیکیورٹی ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکا منصوبہ سامنے آیا ہے، ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 1, 2022
انہوں نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ اپوزیشن کے لوگ ان کیمرہ سیشن میں شریک نہیں ہورہے؟۔
وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ حکومت کیخلاف سازش میں سابق وزیراعظم نواز شریف بھی شامل ہیں، جن کی ملاقاتیں بھارت اور اسرائیل کے لوگوں سے ڈھکی چھپی نہیں، اس سازش میں پاکستان کے میڈیا کے کچھ سینئر لوگ بھی شامل ہیں، اس کی داغ بیل نواز شریف کے اپارٹمنٹ سے ڈالی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آخری گیند تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں، استعفیٰ کی کسی کو توقع ہے اور نہ ہمیں استعفیٰ دینے کی ضرورت ہے، یہ لڑائی عمران خان کی نہیں، عوام، خودمختاری اور آزاد ملک ہونے کی ہے۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئينی طور پر حکومت کی تبدیلی ميں کوئی حرج نہيں، پاکستان کی حاکمیت پر سودے کو مسترد کردتے ہیں، مير جعفر اور مير صادق سازش ميں مصروف ہيں، پاکستان کی حاکميت، آزادی، وقار، خود مختاری کیلئے کھڑے رہيں گے۔