لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا، جس کے بعد تحریک عدم اعتماد غیر موثر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب اور وزیراعظم کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں استعفیٰ منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گورنر پنجاب نے استعفیٰ منظور کرلیا۔
قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 30 مارچ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بھجوایا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی وزیر اعظم عمران خان سے 30 مارچ کو اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی اور اسی ملاقات میں وزیراعظم نے پرویز الٰہی کو پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ عثمان بزدار نے 20 اگست 2018 کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔