اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد کے ووٹ کو روکنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی، جس میں میمو گیٹ اسکینڈل کی طرز پر انکوائری کمیشن بنانے کی استدعا کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں لیٹر گیٹ کی تحقیقات تک عدم اعتماد کا ووٹ روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ سپریم کورٹ میں درخواست نعیم الحسن ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے 27 مارچ کے اجلاس میں خط دکھایا گیا۔ خط کے مطابق تحریک عدم اعتماد میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بھی خط پر اپنا بھرپور جواب دے دیا ہے۔
درخواست میں میموگیٹ اسکینڈل کی انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پر مشتمل ہوگا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ انکوائری تک تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روک دی جائے جو کہ حساس اور فوری معاملہ ہے، آج سماعت کی جائے۔
وفاق، سپیکر، الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ، وزارت دفاع اور وزارت داخلہ، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جمیعت علمائے اسلام اور ایف آئی اے کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نعیم الحسن ایڈووکیٹ کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، یہ درخواست آرٹیکل 184 کے تحت دائر کی گئی ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں بیرونی قوتیں ملوث تھیں، سندھ ہاؤس میں اجلاس ہوئے اور لوگوں کو خریدا گیا۔