لاہور(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شوگر انکوائری اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
حکومت کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ شہباز شریف ضمانت کیس میں مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ بیماری اور سیاسی مصروفیات کا بہانہ بنا کر پیش نہیں ہوئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر وفاقی شرعی عدالت نے بھی فیصلہ سنا دیا ہے۔ سپیکر کی اجازت سے پارلیمنٹ سے رخصت لی جا سکتی ہے۔ عبوری ضمانت انہیں عدالت میں پیش ہونے سے نہیں روک سکتی۔
درخواست میں کہا گیا کہ شہباز شریف کو عدالتی کارروائی کا مذاق اڑانے کی اجازت نہ دی جائے اور عدالت شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج کرے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔