اسلام آباد(ویب ڈیسک) فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو کے دوران بدنظمی ہوئی صحافی مطیع اللہ جان اور اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ صحافی مطیع اللہ جان کی جانب سے ان کی گفتگو کے دوران مداخلت سے ماحول گرم ہوگیا۔ بدنظمی کے دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ پی ایف یو جے نے مطیع اللہ کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی صحافی کو حق نہیں دینگے کہ وہ کسی جماعت کا آلہ کار بنیں۔
واقعہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو کے بعد فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کیلیے جیسے ہی ڈائس پر آئے تو صحافی مطیع اللہ جان نے ان کی بات شروع ہوتے ہی سوال کردیا۔ اس دوران فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے مجھے بات مکمل کرنے دیں آپ کی بات کا جواب بھی دونگا لیکن مطیع اللہ خاموش نہ ہوئے اور اپنے سوال کا جواب دینے پر اصرار کرتے رہے۔
صحافی دوستوں کا احترام ہے لیکن کسی ایک شخص کی جانب سے صحافتی لبادے میں اپنا ذاتی اسکور سیٹل کرنا افسوسناک ہے! عدالتی کاروائی سے متعلق انتہائی اہم گفتگو کے دوران فواد چوہدری کو بات شروع کرنے سے پہلے ٹوکنا صحافتی اقدار کے منافی اور انتہائی نا مناسب رویہ تھا۔ pic.twitter.com/aBFxaH17Pp
— Usman Dar (@UdarOfficial) April 6, 2022
اس موقع پر دونوں کے درمیان کافی دیر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، فواد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو نہ رکنے پر مطیع اللہ نے ڈائس پر رکھے میڈیا چینلز کے مائیک وہاں سے ہٹا کر زمین پر رکھ دیے اور ڈائس کے سامنے کھڑے ہوگئے اس دوران دونوں کے درمیان تکرار ہوتی رہی اور معافی کے مطالبے بھی کیے جاتے رہے۔
جھگڑا بڑھنے پر دونوں جانب سےکچھ لوگوں نے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی، اسد عمر نے کہا کہ ہمیشہ پہلے بات مکمل ہوتی ہے اسکےبعد سوال جواب ہوتے ہیں۔ جب کہ دیگر صحافی بھی مطیع کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن معاملہ گرم رہنے پر وہاں موجود دیگر پی ٹی آئی رہنما اندر چلے گئے جب کہ مطیع اللہ ڈائس کے سامنے کھڑے مسلسل بولتے رہے۔
مذکورہ صورتحال پر سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم نے بھی صحافی مطیع اللہ جان کے رویے کی مذمت کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رانا عظیم نے کہا کہ مطیع اللہ جان نے جو کیا وہ دیکھا اورسنا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، صحافی کا کام کسی کا مائیک چھیننا یا گالی دینا نہیں ہوتا، ہم کسی صحافی کو حق نہیں دینگے کہ وہ کسی جماعت کا آلہ کار بنے۔
سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے نے مزید کہا کہ یہی مطیع اللہ جان تھے جو صحافیوں کیخلاف پروگرام کرتے تھے۔