کراچی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشی کی خبر سامنے آگئی ہے، ویزا سے متعلق درپیش مسائل کا حل نکال لیا گیا ہے اور اب پاکستانی شہریوں کو طویل مدتی ویزا ملنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حالیہ دنوں متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ویزا معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران یو اے ای کے سفیر نے خوش آئند اعلان کیا کہ پاکستانی شہری اب متحدہ عرب امارات کے لیے پانچ سالہ ویزہ حاصل کر سکیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ویزا سہولیات کو بہتر بنانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزا کے حوالے سے تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں، اور اب پاکستانیوں کے لیے یو اے ای میں داخلہ اور قیام آسان بنا دیا گیا ہے۔
اس پیش رفت کو پاکستان میں یو اے ای کے کاروباری، سیاحتی اور خاندانی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر وہ پاکستانی شہری جو طویل مدتی قیام، ملازمت، یا سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، ان کے لیے پانچ سالہ ویزا بڑی سہولت ثابت ہوگا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور پاکستانیوں کو روزگار اور ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
واضح رہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کی بڑی تعداد کے لیے پسندیدہ ملک ہے، جہاں لاکھوں افراد پہلے ہی روزگار، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب پانچ سالہ ویزے کی سہولت ان کے لیے مزید امکانات کے دروازے کھول دے گی۔