وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر قومی ایئر لائن پی آئی اے کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں یہ ادارہ 21 سال بعد ایک بار پھر اربوں روپے منافع کمانے والا ادارہ بن چکا ہے۔
خواجہ آصف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے پی آئی اے کو بحران کی انتہاؤں تک پہنچایا۔ ان کے دور حکومت میں پی آئی اے پر خسارہ اور قرض اتنا بڑھ گیا تھا کہ یورپی اور برطانوی پروازیں بند ہوگئی تھیں، جبکہ ادارے کی ساکھ کو شدید دھچکا پہنچا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے اقتدار میں آتے ہی پی آئی اے میں بہتری آنا شروع ہوئی، یورپین روٹس بحال ہوئے اور جلد برطانیہ کے لیے پروازیں بھی بحال ہو جائیں گی۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی نیت، محنت اور وژن کے باعث اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت دے رہا ہے۔ وزیر دفاع نے چیئرمین پی آئی اے، ان کی ٹیم اور تمام ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن ایک مرتبہ پھر سبز ہلالی پرچم کی عزت و وقار کی نمائندگی کر رہی ہے۔