پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی بھی قسم کی ڈیل یا این آر او لینے کے حق میں نہیں، اور یہ مؤقف وہ کھل کر کئی بار دہرا چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ "ڈیل کا مطلب این آر او ہوتا ہے، اور بانی پی ٹی آئی نے بالکل واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں میں ڈیل کا تاثر دیا جا رہا ہے، تاہم یہ تاثر اب مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی اعظم سواتی یا کسی اور رہنما سے قومی مفاد یا سکیورٹی کے کسی معاملے پر بات کرنا چاہتا ہے تو بات کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی بانی پی ٹی آئی کے لیے کوشش کر رہے ہیں تو یہ ان کی ذاتی سطح پر کی جانے والی کاوشیں ہیں، پارٹی کی طرف سے کسی سطح پر کوئی خفیہ بات چیت نہیں ہو رہی۔
بیرسٹر علی ظفر نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ "عدالت کی جانب سے ملاقات کی اجازت کے باوجود جیل حکام کبھی کسی کو ملنے دیتے ہیں اور کبھی نہیں۔ یہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔” انہوں نے کہا کہ "بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہر شہری اور کارکن کا حق ہے، جیل حکام کو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔”