اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے معاملے پر شدید اختلافات سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کے درمیان خیبرپختونخوا ہاؤس میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
یہ ناخوشگوار صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب علیمہ خان کی حراست کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پیدا ہونے والے تناؤ کو کم کرنے کے لیے پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے مصالحت کی کوششیں کیں۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے دی گئی وکلاء کی فہرست میں بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کے نام شامل نہیں تھے، جس پر بعض پارٹی اراکین نے اعتراضات اٹھائے۔ رہنماؤں عاطف خان، شبلی فراز اور عمر ایوب نے بھی ملاقاتوں سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
بیرسٹر گوہر کا مؤقف تھا کہ ان کا جیل جانا کسی ذاتی ایجنڈے کے تحت نہیں تھا، جب کہ سلمان اکرم راجہ نے زور دیا کہ ملاقاتوں کے لیے جاری کردہ احکامات اور پارٹی ضابطے کی مکمل پابندی ہونی چاہیے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے میڈیا کے سامنے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات کے لیے جن 6 وکلاء اور رہنماؤں کو جیل حکام نے اجازت دی، ان میں بیرسٹر گوہر، بیرسٹر علی ظفر، مبشر مقصود اعوان، ظہیر عباس چوہدری، علی عمران اور رضیہ سلطانہ شامل تھے۔