عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 64.71 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 8 سے 10 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے، جو قیمتوں میں ممکنہ کمی کے اثرات کو محدود کر سکتی ہے۔ تاہم، عالمی منڈی میں تیل کی گرتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
ادھر اطلاعات یہ بھی ہیں کہ حکومت عمومی سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح میں اضافے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹیکس ریونیو برقرار رکھا جا سکے۔ یاد رہے کہ 31 مارچ کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی تھی، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تنقید کی گئی تھی۔
اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ممکن ہے کہ حکومت 15 اپریل کو پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ تاہم، حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس کا انحصار عالمی منڈی میں قیمتوں کے رجحان اور حکومتی مالی حکمت عملی پر ہوگا۔