ملک میں سونے کی قیمتوں نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جب کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سونا پہلی بار 3 لاکھ 40 ہزار 600 روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور نئی قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 9 روپے ہو گئی ہے، جو کہ ملکی تاریخ کی بلند ترین قیمت ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 18 ڈالر مہنگا ہو کر 3236 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا ہے، جو اب تک کی بلند ترین قیمت ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، اور سرمایہ کاروں کا محفوظ اثاثوں کی طرف رجحان، سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں روپے کی گرتی ہوئی قدر اور درآمدی اخراجات میں اضافہ بھی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ یہ غیرمعمولی اضافہ نہ صرف زیورات خریدنے والے صارفین کے لیے باعث تشویش ہے بلکہ شادی بیاہ جیسے مواقع پر سونے کی خریداری کی استطاعت رکھنے والے متوسط طبقے کے لیے بھی ایک بڑا مالی چیلنج بنتا جا رہا ہے