لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلیے سیاسی جوڑ توڑ تیز ہوگیا ہے اور چوہدری پرویز الٰہی کے ارکان اسمبلی سے رابطے جاری ہیں۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ہونے کے ساتھ وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی آج ڈی جی خان، بہاولپور اور ساہیوال سے منتخب ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ارکان صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا جائیگا اس موقع پر ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے سابق وزرا، ارکان اسمبلی کو مختلف ٹاسک سونپے جائیں گے اور سابق صوبائی وزرا پر مشتمل کمیٹی کو ناراض ارکان سے رابطوں کی ہدایت بھی کی جائیگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے ممبران پورے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ناراض اراکین سمیت سب سے رابطے میں ہیں اور جلد سب متحد ہوجائیں گے۔