لاہور(ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ صدر عارف علی کی جانب سے سمری مسترد کیے جانے کے باوجود عہدے سے ہٹانے کے غیر آئینی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ “صدر کی جانب سے غیر معمولی حالات کے پیش نظر سمری مسترد کیے جانے کے باوجود کابینہ ڈویژن نے غیر آئینی نوٹیفکیشن جاری کیا جسے مسترد کرتا ہوں۔ آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔ میں جلد ہی اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 17 اپریل کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے گورنر پنجاب کی تقرری تک سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی قائم مقام گورنر رہیں گے۔