اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت پاکستان کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ ہوا ہے۔ وزارت آئی ٹی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈی ڈی او ایس اٹیک کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کو بلاک کرنے کی کوشش کی گئی۔
وزارت آئی ٹی کے حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی ڈی او ایس اٹیک میں کوئی ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔ فائر وال کے ذریعے سائبر حملے کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ وزارت آئی ٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کر لیں۔ کل میٹنگ بلائی ہے۔
وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے این ٹی سی سسٹم پر سائبر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ این ٹی سی کے سرورز پر مختلف محکموں کی ویب سائٹس موجود ہیں۔ سائبر حملہ منگل کی صبح 11:30 بجے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جامع سائبر سیکیورٹی سسٹم کی وجہ سے حملہ ناکام ہوا۔ سائبر حملے کے باعث بعض محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوگئیں۔ تمام ویب سائٹس کو 3 گھنٹے کے کم ترین وقت میں ایکٹیویٹ کیا گیا۔ ڈیٹا سینٹر پر سائبر حملہ۔ نہیں، یہ نیٹ ورکنگ سائیڈ پر ہوا۔