لندن(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ان کے چھوٹے بھائی وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی اسحاق ڈار کے گھر ملاقات ہوئی ہے۔ لیگی وزراء الگ ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا اجلاس بھی جاری ہے جس میں مسلم لیگ ن کے وزرا اور نواز شریف موجود ہیں جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 2260 پر لندن پہنچے، ان کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، ایاز صادق، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ اور ملک احمد خان بھی تھے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر سے بھی قبل از وقت انتخابات کی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں اور کچھ ن لیگی رہنماؤں نے فوری انتخابات کرانے کا مشورہ دیا ہے۔
مشکل معاشی فیصلوں کی وجہ سے مقبولیت میں کمی کے باعث ن لیگ کی قیادت لندن میں ملاقات کر رہی ہے۔ اجلاس میں انتخابات کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ پر بات کی جائے گی۔
گزشتہ روز نواز شریف نے معاشی و سیاسی صورتحال پر لندن میں ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کا وفد کل اپنے قائد نواز شریف سے ملاقات اور مشاورت کرنے جا رہا ہے۔