کراچی(ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے گزشتہ رات ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات اور نیب اصلاحات پر بات ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے سستا تیل لینے کی بات کریں گے۔ ہم تیل کی قیمت ہر گز نہیں بڑھانا چاہتے۔ شہباز شریف کے سعودی عرب سے اچھے تعلقات ہیں۔ عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالیں، شہباز شریف واپس آئے تو ساتھ بیٹھیں گے۔
ایک شخص مجمع اکٹھا کر کے لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے، یہ جو جلد الیکشن کروانے کا مطالبہ کر رہا ہے بتائیں اس نے پہلے کیا کارکردگی دکھائی ہے ،سازش کا شور مچانے والا جان لے کوئی سازش نہیں ہوئی ہم نے سیاسی طاقت سے سلیکٹڈ کو ہٹایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت میں آئے گا اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں زرداری نے کہا کہ ہم حکومت میں ہیں تو سامنا کریں۔ غلط راستہ اختیار کرو گے تو غلط مقام پر پہنچ جاؤ گے۔ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو غلط باتیں بتا رہے ہیں اور انہیں غلط راستے پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی یہاں کے مسائل سے آگاہ نہیں ہیں۔