اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اداروں پر حملے کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان قومی اداروں پر حملے کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے ایک رات پہلے مجھے ایک پیغام بھیجا گیا جس میں فوری انتخابات یا مارشل لا لگانے کی دھمکی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھمکی سابق حکومتی وزیر نے میرے ایک ساتھی کے ذریعے دی تھی۔ ہم غیر جمہوری قوتیں نہیں جو الیکشن نہیں چاہتیں لیکن ہماری پارٹی پالیسی، پہلے اصلاحات پھر الیکشن، ہم پولیٹیکل انجینئرنگ پر یقین نہیں رکھتے جب کہ عمران خان نے جھوٹ پر مبنی انتہائی مؤقف اختیار کیا، 3 اپریل جیسے غیر آئینی اقدام کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔ جو غیر آئینی کاموں میں ملوث شخص کی نشاندہی کرے۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر دی ہے جہاں بھارتی مظالم جاری ہیں، بھارت مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی آبادی تبدیل کر رہا ہے اور اس سے کشمیریوں کی آباد کاری شروع ہو گئی ہے، ہم بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔