پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو ہالینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ ون ڈے میچز اور ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے اسکواڈز کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی نے ہالینڈ کے خلاف 16 اگست سے شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ اور 27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
حسن علی 2017 میں پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی تھے۔ لیکن 28 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ ماہ سری لنکا میں دو ٹیسٹ میچوں میں صرف تین وکٹیں حاصل کیں،انہوں نے اپنے آخری تین ون ڈے میچوں میں 222 رنز کے عوض صرف تین وکٹیں حاصل کیں اور مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی پرفارمنس کھیلے گئے آخری تین T20 انٹرنیشنل سے بھی مایوس کن رہی ہے۔
دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا
مزید پڑھیے:https://t.co/L1XAfweOKA#NEDvPAK | #AsiaCup2022 pic.twitter.com/NuvjC3eSr2
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) August 3, 2022
2021 میں ون ڈے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنے والے سلمان علی آغا کو بھی روٹرڈیم میچز کے لیے واپس بلا لیا گیا ہے۔
گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہونے والے شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں برقرار رکھا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ان کی صحت کی بحالی کے پروگرام کی نگرانی ٹیم ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ کریں گے اور وہی ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ بھی کریں گے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق انتظامیہ نے ٹیم میں صرف ضروری تبدیلیاں کی ہیں۔
"دونوں مقابلے ہمارے لیے اہم ہیں اور ہم نے کپتان اور ہیڈ کوچ کی مشاورت سے اپنے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔”
حسن علی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ تیز گیند باز کو بین الاقوامی کرکٹ سے وقفہ دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نسیم شاہ کو لیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر نے کہا، "نسیم شاہ تیز ہیں اور فاسٹ باؤلنگ کے شعبے کو مزید تکویت دے سکتے ہیں، جس میں پہلے سے ہی حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دہانی جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک نسیم شاہ نے کوئی بین الاقوامی وائٹ بال کرکٹ نہیں کھیلی ہے لیکن انہوں نے ریڈ بال سے گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ حملہ آور پیسر کے طور پر اپنی مہارت کا مظاہرہ ضرور کیا ہے۔
سلمان علی آغا کو گزشتہ دو پاکستان کپ ٹورنامنٹس میں بالترتیب 40.33 اور 48.8 کی اوسط سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے۔ وہ بابر اعظم کے لیے باؤلنگ کا ایک اضافی آپشن بھی ہیں۔
کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 اگست سے 11 اگست تک لاہور میں ہوگا جس کے دوران وہ 50 اوورز کے دو میچ بھی کھیلیں گے۔
قومی ٹیم 12 اگست (جمعہ) کو ایمسٹرڈیم کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ ٹی ٹوینٹی ون ڈے کھلاڑی 22 اگست کو دبئی میں ٹی ٹوینٹی ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
پاکستانی اسکواڈ
نیدرلینڈز ون ڈے کے لیے: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود۔
T20 ایشیا کپ کے لیے: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز ڈہانی اور عثمان قادر۔
پلیئر سپورٹ پرسنل سٹاف: منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (ہیڈ کوچ کے معاون)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، شان ٹیٹ (باؤلنگ کوچ)، ڈریکس سائمن (ٹرینر/سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، ابراہیم بدیس (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر)، لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف محمود (ٹیم سیکیورٹی مینیجر)، طلحہ اعجاز (ٹیم تجزیہ کار)، ملنگ علی (ٹیم مساج) اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو (ٹیم ڈاکٹر)۔ کرنل محمد عمران T20I ایشیا کپ کے لیے لیفٹیننٹ کرنل آصف محمود کی جگہ ٹیم سیکیورٹی مینیجر ہوں گے۔
مزید کھیل سے متعلق خبریں حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں : کھیل