راولپنڈی:طوفانی بارش، نالہ لئی میں طغیانی،کینٹ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل
راولپنڈی/ اسلام آباد: جڑواں شہروں میں طوفانی بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر حکام نے متاثرہ آبادیوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ اور امدادی ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
راولپنڈی کے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کر کے 22 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر بھی پانی کی سطح خطرناک حد کو چھو رہی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم نے الرٹ جاری کرتے ہوئے 20 فٹ کی سطح پر کٹاریاں سے انخلا کا آغاز کردیا ہے۔
بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر فوجی دستے، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو طلب کرلیا ہے۔ گوالمنڈی پل کے قریب فلڈ سائرن بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادیوں کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے نالہ لئی کے کناروں پر بسنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔
راولپنڈی کی انتظامیہ نے پانچ مختلف تعلیمی اداروں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی جائے گی۔ فلڈ کنٹرول روم کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 21 فٹ سے تجاوز کرنے پر آبادیوں کے انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، جڑواں شہروں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ سیدپور گاؤں میں 38 ملی میٹر، گولڑہ میں 82 ملی میٹر، بوکھڑا میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 88 ملی میٹر، شمس آباد میں 66 ملی میٹر، اور کچہری میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
راولپنڈی کینٹ کے متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، جن میں رینج روڈ، شالے ویلی، جان کالونی، چک جلال دین و دیگر علاقے شامل ہیں۔ کینٹ اور چکلالہ کینٹ کے علاقے بھی بارش کے پانی سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں بروقت نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔