انڈس موٹرز نے گاڑیوں کی قیمت میں کمی کی وجہ ڈالر کی قدر میں کمی کو قرار دیا۔
جولائی کے مہینے میں 7 لاکھ 60 ہزار 31 لاکھ 60 ہزار روپے قیمت کے زبردست جھٹکے کے بعد انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے ڈالر کے مقابلے روپے کی بحالی کا حوالہ دیتے ہوئے گاڑیوں کی قیمتوں میں 2 لاکھ 60 ہزار سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کردی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے ڈیلرز کو جاری کردہ سرکلر میں آئی ایم سی کہا کہ ٹویوٹا کرولا کے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں3 لاکھ 30 ہزار سے 4 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ ٹویوٹا یارس کے مختلف ماڈل کی قیمت میں بھی 2 لاکھ 60 ہزار روپے سے 3 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی۔
اسی طرح ٹویوٹا ہائی لکس ریو اور فارچیونر کی قیمتوں میں بالترتیب 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے 8 لاکھ 20 ہزار سے روپے اور 9 لاکھ 10 ہزار روپے سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی۔
مزیں برآں کرولا 1.6ایم ٹی، اے ٹی اور یو پی ایس پی ای سی کی نئی قیمتیں 45 لاکھ 69 ہزار 47 لاکھ 89 ہزار روپے اور52 لاکھ 79 ہزار روپے ہے جبکہ سی وی ٹی 18، ایس آر اور ایس آر بلیک ماڈلز کی قیمت اب 52 لاکھ 69 ہزار، 57 لاکھ 9 ہزار اور 57 لاکھ 49 ہزار روپے ہے۔
سرکلر کے مطابق یارس ایم ٹی 1.3 کی نئی قیمت 35 لاکھ 39 ہزار، سی وی ٹی 37 لاکھ 69 ہزار، اے ٹی آئی وی ایم ٹی 37 لاکھ 29 ہزار، اے ٹی آئی وی سی وی ٹی 39 لاکھ 29 ہزار، اے ٹی آئی وی ایم ٹی 1.5 کی قیمت 40 لاکھ 9 ہزار اور اے ٹی آئی وی سی وی ٹی 1.5 کی نئی قیمت 42 لاکھ 59 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ ریو 2.8 ایم ٹی کی قیمت 91 لاکھ 69 ہزار، آٹو 2.8 ایم ٹی 96 لاکھ 9 ہزار، فائیو آٹو اینڈ روکو بالترتیب ایک کروڑ 5 لاکھ 99 ہزار اور ایک کروڑ 11 لاکھ 79 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی۔
ساتھ ہی ساتھ فارچیونر 2.7 جی کی قیمت کم ہو کر ایک کروڑ 15 لاکھ 79 ہزار روپے، 2.7 وی کی ایک کروڑ 32 لاکھ 59 ہزار، سگما 4 کی ایک کروڑ 39 لاکھ 69 ہزار اور لیجنڈر کی نئی قیمت ایک کروڑ 46 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
ادھر دوسری طرف ڈان اخبار کی ہی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ، آٹو فنانس میں سختی، عیدالاضحیٰ کی طویل تعطیلات اور 2 بڑے اسمبلرز کی جانب سے بکنگ کی معطلی کے سبب جولائی کے مہینے میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت 10 ہزار 377 یونٹس رہی جو کہ گزشتہ سال کے پہلے ماہ میں 20 ہزار 669 یونٹس تھی۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے مطابق کار، جیپ اور پِک اپ کی مشترکہ فروخت جولائی 2022 میں 11 ہزار 883 یونٹس کے ساتھ 23 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جو کہ ماہانہ 58 فیصد اور سالانہ 52 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔
ہزار سی سی سے کم والی گاڑیوں کی فروخت میں سب سے زیادہ کمی سوزوکی بولان میں ریکارڈ کی گئی، جولائی 2021 میں اس کے 950 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں 353 یونٹس فروخت ہوئے، اس کے بعد آلٹو 660 سی سی کی فروخت 6 ہزار 110 یونٹس سے 24 فیصد کم ہو کر 4 ہزار 618 یونٹس ہوگئی۔
پاکستان آٹو موٹِو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہزار سی سی والی گاڑیوں میں سوزوکی ویگن آر کی فروخت 2 ہزار 131 یونٹس سے 87 فیصد کم ہو کر 282 یونٹس رہ گئی جبکہ کلٹس کی فروخت 4 ہزار 213 یونٹس سے کم ہو کر 661 یونٹس رہ گئی۔
زیادہ قیمت والی 1300 سی سی اور اس سے اوپر والی گاڑیوں کی فروخت میں ملی جلی کارکردگی نظر آئی، ٹویوٹا کرولا اور یارس کی 5 ہزار 20 یونٹس کی فروخت 65 فیصد کی بڑی کمی کےساتھ ایک ہزار 734 یونٹس پر آگئی جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی 225 یونٹس کی فروخت 43 فیصد اضافے کے ساتھ 321 یونٹس تک پہنچ گئی، ہونڈا سوک اور سٹی کی فروخت ایک ہزار 700 یونٹس سے 43 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 408 یونٹس ہوگئی۔
مزید پاکستانی خبریں حاصل کرنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں : پاکستان