محکمہ داخلہ پنجاب نے پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا
پنجاب حکومت نے پتنگ بازی اور اس سے متعلق تمام سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے، اور اس ضمن میں نئے قانون سازی کے ذریعے شدید سزائیں متعارف کروائی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پتنگ بازی، پتنگ سازی، اور ان کی نقل و حمل کو ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا ہے، جس کے نتیجے میں ان جرائم کی شدت اور سزاؤں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ پنجاب کابینہ نے 2007 کے پتنگ بازی پر پابندی کے ایکٹ میں اہم ترامیم منظور کر لی ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق، پتنگ اڑانے والوں کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی، جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 1 سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔ اسی طرح، پتنگ سازوں اور ان کی ٹرانسپورٹیشن کرنے والوں کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2 سال قید کی سزا بھی دی جائے گی۔
نئے قوانین کے تحت، پتنگ سازوں اور ٹرانسپورٹرز کو اب ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ انہیں ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔ پتنگ بازی میں ملوث بچوں کو پہلی بار وارننگ دی جائے گی، دوسری بار پکڑے جانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ تیسری بار خلاف ورزی پر 1 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ اگر بچے جرمانہ ادا نہ کر سکیں، تو ان کے والدین یا سرپرست سے رقم وصول کی جائے گی۔ چوتھی خلاف ورزی پر بچے کو جوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018 کے تحت سزا دی جائے گی اور جیل بھیج دیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے خونی کھیلوں کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔ سزاؤں اور جرمانوں میں اضافے سے پتنگ بازی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اس کے ذریعے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔