اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان پارلیمنٹ میں اپنے ساتھی محمود خان اچکزئی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اختر مینگل نے کہا کہ وہ اسمبلی میں بلوچستان کے مسائل پر بات کرنا چاہتے تھے، مگر انہیں محسوس ہوا کہ بلوچستان کے مسائل پر پارلیمنٹ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز خود اعتراف کرتے ہیں کہ "بلوچستان ہمارے ہاتھوں سے نکل رہا ہے”، مگر درحقیقت بلوچستان ان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔
سردار اختر مینگل نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں بے شمار لوگوں کا خون بہا دیا گیا ہے، اور اس مسئلے پر کسی نے سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے مسئلے پر ایک خاص اجلاس بلایا جانا چاہیے تھا تاکہ اس پر تفصیلی بات چیت ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی بلوچستان کے مسائل پر بات ہوتی ہے تو میڈیا بلیک آؤٹ کر دیا جاتا ہے، اور ان کی آواز کو دبایا جاتا ہے۔
اختر مینگل نے کہا کہ اگر ان کی باتوں سے کسی کو اختلاف ہے تو انہیں تحمل سے سنا جائے، اور اگر ان کی باتیں غلط لگیں تو انہیں ہر سزا قبول ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے بے شک پارلیمنٹ کے باہر انکاؤنٹر کریں یا مار دیں، لیکن ہماری بات تو سنیں۔”انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ورنہ اس صوبے کی صورتحال مزید بگڑتی جائے گی۔